تازہ ترین

پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، افرادی قوت، قابل تجدید توانائی، تعلیم اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات ایوان صدر میں پرتگال کے وزیر مملکت و خارجہ امور پاؤلو رینجل سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین میں پرتگال کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

آصف علی زرداری نے روایتی ٹیکسٹائل تجارت سے آگے بڑھ کر زراعت، پراسیسڈ فوڈ، ادویات، انجینئرنگ، کھیلوں کے سامان اور آئی ٹی خدمات کے شعبوں میں تجارتی مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے معاملات میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور پرتگال کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔

صدر مملکت نے تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے جامعات کے درمیان شراکت داری، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں اور ٹیکنالوجی اداروں کے درمیان روابط کی حمایت کی۔ انہوں نے ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے درمیان شراکت داری کا خیرمقدم کیا اور کوچنگ، نوجوانوں کے ٹورنامنٹس اور تربیتی پروگراموں میں مزید تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے زرعی تعاون سے متعلق مجوزہ مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے اور دوطرفہ تکنیکی ورکنگ گروپ کے قیام کی امید ظاہر کی۔ صدر نے پرتگال کی جانب سے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کو بھی سراہا اور وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے حقوق، فلاح اور قونصلر سہولتوں کے لیے مسلسل تعاون کی درخواست کی۔

آصف علی زرداری نے یکم جنوری 2027 سے شروع ہونے والی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر پرتگال کو مبارکباد بھی دی۔

پرتگالی وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو بہترین اور ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پرتگال میں 60 ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جبکہ 600 سے زیادہ پاکستانی طلبہ وہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان میں سے متعدد پرتگالی وظائف سے بھی مستفید ہو رہے ہیں۔

پاؤلو رینجل نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ پرتگال کے وزیر زراعت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ زرعی شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمٰن، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سیکریٹری خارجہ اور پرتگالی وفد کے دیگر ارکان بھی شریک تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.