تازہ ترین

امریکہ کی ایران کے مبینہ شیڈو بینکنگ نیٹ ورک کے خلاف نئی پابندیاں عائد

0

واشنگٹن: امریکہ نے ایران کے مالیاتی نیٹ ورک کو محدود کرنے کی کوششیں تیز کرتے ہوئے مبینہ شیڈو بینکنگ نظام سے منسلک 8 افراد اور 22 اداروں پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کی فہرست میں ایران، متحدہ عرب امارات، ترکی اور ہانگ کانگ میں موجود افراد اور ادارے شامل ہیں، جنہیں ایرانی مالیاتی نیٹ ورک سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ فنانشل کرائمز انفورسمنٹ نیٹ ورک (فِن سین) نے جنوری 2025 سے اگست 2026 کے دوران تقریباً 14.7 ارب ڈالر کی ایسی مالی سرگرمیوں کی نشاندہی کی، جن کا ممکنہ تعلق ایران کے شیڈو بینکنگ نظام سے تھا۔

نئی پابندیوں کی زد میں ایرانی کرنسی اینڈ گولڈ ایکسچینج سینٹر بھی آیا ہے، جو تقریباً تین سال قبل ایران کے مرکزی بینک کی اجازت سے قائم کیا گیا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق ایران کا شیڈو بینکنگ نظام بین الاقوامی تجارت سے حاصل ہونے والی رقوم کی منتقلی میں کردار ادا کرتا ہے، جبکہ کرنسی اینڈ گولڈ ایکسچینج سینٹر ان مالی وسائل کو ایران کے اندر ان کی آخری منزل تک پہنچانے کے لیے بطور ثالث سہولت فراہم کرتا ہے۔

امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایرانی مالیاتی نیٹ ورکس کے خلاف پابندیوں میں مزید سختی اس کی اقتصادی تنہائی کی پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں ایران کے مالی مفادات اور رقوم کی منتقلی کے نظام کو محدود کرنا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.