سندھ کی سیاسی صورتحال اور آئندہ سیاسی سرگرمیوں پر مشاورت کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان آج سندھ اسمبلی میں اہم ملاقات طے پاگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات دوپہر ڈیڑھ بجے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہوگی، جس میں دونوں جماعتوں کے سینئر رہنما شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ملک اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پیپلزپارٹی کے وفد میں صوبائی وزرا اور رہنما ضیاء الحسن لنجار، ناصر حسین شاہ اور وقار مہدی شامل ہوں گے، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کی نمائندگی ڈاکٹر فاروق ستار، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحٰہ احمد خان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پیپلزپارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کے 29 نومبر کے جلسے کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔ پیپلزپارٹی کی طرف سے ایم کیو ایم کو ریلی ملتوی کرنے کی درخواست کیے جانے کا امکان ہے، تاہم فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان پہلے ہی اپنی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی اس ملاقات کو سندھ کی سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔