ایران کی مدد مہنگی پڑ سکتی ہے`ٹرمپ کا چین اور روس کو پیغام
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں یقین نہیں کہ چین اور روس ایران کی مدد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کو ایسا کرنے کی صورت میں بہت کچھ کھونا پڑ سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیجنگ اور ماسکو کی جانب سے تہران کی مدد سے متعلق سوالات کے جواب میں ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ اگر دونوں ممالک مدد کر بھی رہے ہیں تو یہ محدود پیمانے پر ہوگی، تاہم انہیں نہیں لگتا کہ وہ اس معاملے میں شامل ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ روس اور چین کے پاس کھونے کے لیے بہت کچھ ہے اور اگر وہ ایران کی مدد کر رہے ہیں تو اس کا جلد پتا چل جائے گا۔
رپورٹ میں ٹرمپ کے سابقہ بیانات کا بھی حوالہ دیا گیا، جن میں انہوں نے کہا تھا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے مئی میں ہونے والی ملاقات کے دوران انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ چین کسی بھی صورت ایران کو ہتھیار فروخت نہیں کرے گا۔ ٹرمپ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی انہیں بتایا تھا کہ روس ایران کو ہتھیار فروخت نہیں کرے گا۔
تاہم، ٹرمپ کے حالیہ بیان میں چین اور روس کی جانب سے ایران کو مدد فراہم کرنے کے دعوؤں کی تصدیق نہیں کی گئی۔