تازہ ترین

جناح پیپلز ٹرین بلوچستان کے عوام کے لیے اہم سنگ میل ہے، سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ-کوئٹہ میں جناح پیپلز ٹرین سروس کے اجراء کو بلوچستان میں سفری سہولیات کی بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اس سروس سے مزدوروں، طلبہ، سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو کم کرائے میں سفری سہولت میسر آئے گی۔

کوئٹہ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ جناح پیپلز ٹرین سروس کو مزید وسعت دی جائے گی اور آئندہ سال تک اسے دونوں سمتوں سے چلانے کا منصوبہ ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ بوستان انڈسٹریل اسٹیٹ تک ریلوے ٹریک کی توسیع کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے، جبکہ حکومت کی خواہش ہے کہ ریلوے کا یہ نظام مزید علاقوں تک پھیلایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تیاری اور لاگت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹرین کے لیے انجن اور بوگیاں چین سے درآمد کی جاتیں تو اس پر 50 سے 60 ارب روپے خرچ ہوتے، تاہم پاکستان ریلوے نے نئے انجن اور بوگیاں خود تیار کی ہیں، جو ملکی وسائل کے مؤثر استعمال کی مثال ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سینئر شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے جناح پیپلز ٹرین کا سفر مکمل طور پر مفت ہوگا، جبکہ عام شہریوں کے لیے کرائے سبسڈائزڈ اور انتہائی کم رکھے گئے ہیں۔

بلوچستان میں امن و امان اور سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں امن اور ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مخالفین کے لیے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، تاہم ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ریاست کی رٹ قائم کرنے کے لیے ریاستی قوت استعمال کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی اور بلوچستان کو ترقی یافتہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جناح پیپلز ٹرین منصوبے کی تکمیل میں پاکستان ریلوے، بیوروکریسی اور صوبائی حکومت کے مشترکہ کردار کو بھی سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.