بارکھان انتظامیہ کا شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پر زور
بارکھان: شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ہوٹلز اور کھانے پینے کے مراکز کی اچانک چیکنگ کا سلسلہ تیز کردیا، اسسٹنٹ کمشنر رکھنی فہد حسین عمرانی نے مختلف مراکز کا دورہ کرکے خوراک کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمٰن کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رکھنی نے ہوٹلز کے کچن، کھانا تیار کرنے کے مقامات، برتنوں اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہوٹل مالکان اور عملے کو خوراک مناسب طریقے سے محفوظ رکھنے اور شہریوں کو معیاری و محفوظ کھانے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
فہد حسین عمرانی نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ہوٹل مالکان مقررہ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہوٹلز اور کھانے پینے کے مراکز کی اچانک چیکنگ آئندہ بھی جاری رہے گی، جبکہ غیر معیاری خوراک کی فراہمی یا حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام کو صحت بخش اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔