تازہ ترین

کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج: 12 منصوبے مکمل، 7 پر کام جاری، 5 نئے منصوبے تجویز

0

کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کو خوبصورت، جدید اور منظم شہر میں تبدیل کرنے کے لیے حکومت نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبوں پر کام مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نئے منصوبوں پر فوری پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت چیف منسٹر سیکریٹریٹ میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 12 منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں، 7 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 5 نئے منصوبے بھی تجویز کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے نئے تجویز کردہ منصوبوں پر بھی بلا تاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ ہے اور صوبائی دارالحکومت کی ترقی، خوبصورتی اور شہری سہولیات کا معیار پورے صوبے کی شناخت سے جڑا ہوا ہے۔ حکومت کوئٹہ کو بہتر، خوبصورت اور جدید دارالحکومت بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی ماضی کی خوبصورتی اور تاریخی شناخت کی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ بنیادی شہری سہولیات، بنیادی ڈھانچے اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تمام منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی کاموں میں غیر ضروری تاخیر سے ہر صورت گریز کیا جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کوئٹہ کو ایسا خوبصورت اور منظم شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے جہاں شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات میسر ہوں اور صوبائی دارالحکومت اپنی تاریخی و ثقافتی شناخت برقرار رکھتے ہوئے ایک جدید شہر کے طور پر بھی نمایاں ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.