ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی سے ضلع کیچ سے تعلق رکھنے والے شہریوں ‘ عمائدین کی ملاقات
ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی سے آج ان کے دفتر میں ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں ، عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے ملاقات کی اور اپنے درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ملاقات کے لیے آنے والے افراد نے ڈپٹی کمشنر کیچ کے سامنے ترقیاتی امور، بنیادی سہولیات، انتظامی معاملات اور دیگر عوامی نوعیت کے مسائل پیش کیے. ڈپٹی کمشنر کیچ نے تمام افراد کی بات توجہ اور تحمل سے سنی اور متعلقہ مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ عوامی خدمت ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور شہریوں کو اپنے مسائل کے اظہار کے لیے براہِ راست ضلعی انتظامیہ تک رسائی فراہم کرنا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے پیش کیے جانے والے جائز مسائل کو میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی جبکہ عوامی مسائل کے فوری اور شفاف ازالے کے لیے متعلقہ محکموں کو بھی اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کی جانب سے ان کے مسائل سننے اور متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے عوام دوست رویے کو سراہا۔