تازہ ترین

چیمپئنز کپ کی تیاریاں، مائیک ہیسن کی کوچنگ اسٹاف کے ساتھ اہم بیٹھک

0

ملتان-پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نیشنل چیمپئنز کپ کے سلسلے میں ملتان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے چاروں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ اہم اجلاس کیا۔

مائیک ہیسن کی زیرِ صدارت ہونے والی میٹنگ میں چاروں ٹیموں کے ہیڈ کوچز مصباح الحق، اعجاز جونیئر، اقبال امام اور اعزاز چیمہ نے شرکت کی۔ پاکستان کے بولنگ کوچ ایشلے نوفکے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ ایجوکیشن ہیڈ شاہد اسلم بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس کے دوران نیشنل چیمپئنز کپ میں کھلاڑیوں کی ایک روزہ کرکٹ کی مہارتوں میں بہتری سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نیشنل چیمپئنز کپ کو آئندہ سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاریوں کی پہلی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جہاں قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔

نیشنل چیمپئنز کپ کے آغاز کے ساتھ ہی 11 اگست کو ڈومیسٹک کرکٹ کے 2026-27 سیزن کا باقاعدہ آغاز بھی ہوگا۔

قومی وائٹ بال ٹیم کی انتظامیہ کی جانب سے ڈومیسٹک سطح پر کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور ایک روزہ کرکٹ کی مہارتوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ آئندہ عالمی کپ کے لیے مضبوط اسکواڈ تیار کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.