تازہ ترین

پمز میں انتظامی تبدیلیاں، ڈاکٹر محمد سلمان ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر

0

سانحہ پمز کے بعد اسپتال کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کردی گئیں، وزارت قومی صحت نے متعدد افسران اور ڈاکٹروں کو نئی ذمہ داریاں سونپنے کے احکامات جاری کردیے، جبکہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو بھی معطل کردیا گیا۔

وزارت قومی صحت نے پمز اسپتال میں انتظامی عہدوں پر نئی تقرریوں کے احکامات جاری کردیے ہیں، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور مزید احکامات تک برقرار رہیں گے۔

این آئی ایچ اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد سلمان کو پمز اسپتال کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر محمد سلمان کی خدمات تین سالہ ڈیپوٹیشن پر بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر (بی ایس-21) پمز کے سپرد کی گئی ہیں، جبکہ انہیں این آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر الطاف حسین، پروفیسر ای این ٹی پمز، کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر (غیر طبی، بی ایس-20) کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر نزہت یاسمین، پروفیسر پیڈیاٹرکس میڈیسن، کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر چلڈرن اسپتال کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر شمائلہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر آبس/گائنی، کو پروفیسر اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آبس/گائنی کا چارج سونپ دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر رحمٰنہ وارث، اسسٹنٹ پروفیسر پیڈیاٹرکس، کو ایسوسی ایٹ پروفیسر پیڈیاٹرکس چلڈرن اسپتال کا تین ماہ کے لیے چارج دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر امینہ، میڈیکل آفیسر پیڈیاٹرکس، کو سینیئر رجسٹرار آبس/گائنی ایم سی ایچ کا تین ماہ کے لیے چارج تفویض کیا گیا ہے۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ رجسٹرار حسن اشرف کو بھی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی کا تین ماہ کے لیے اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر عبدالرحمٰن کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ڈی جی کی معطلی کا آفس آرڈر جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سانحہ پمز پر انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں وزیراعظم کے حکم پر یہ کارروائی کی گئی۔

سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ایمرجنسی سروسز بی ایس-20 ڈاکٹر عبدالرحمٰن کو فوری طور پر معطل کیا گیا ہے، جبکہ محمد احسن، ڈائریکٹر فائر سروسز بی پی ایس-19، کو قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ایمرجنسی سروسز مقرر کردیا گیا ہے۔

پمز میں نئی انتظامی ذمہ داریوں کے فیصلے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب سانحے کی تحقیقات کے بعد ادارے کی کارکردگی اور ہنگامی انتظامات پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔

حکام کی جانب سے ان اقدامات کا مقصد اسپتال کے انتظامی اور ہنگامی نظام کو مزید مؤثر بنانا اور ذمہ داریوں کے تعین کے بعد ضروری انتظامی کارروائی آگے بڑھانا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.