تازہ ترین

پاسداران انقلاب کا امریکی بغیر پائلٹ زیرِ آب جہاز قبضے میں لینے کا دعویٰ

0

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایک نیا دعویٰ سامنے آیا ہے، ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اس کی بحری افواج نے آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر ایک جدید امریکی بغیر پائلٹ زیرِ آب جہاز قبضے میں لے لیا ہے۔

پاسداران انقلاب نے منگل کو سرکاری ٹی وی کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ ایرانی بحری افواج نے ایک پیچیدہ انٹیلی جنس اور عملی کارروائی کے دوران امریکی فوج کے جدید ترین بغیر پائلٹ اور ذہین زیرِ آب جہازوں میں سے ایک کو اپنے قبضے میں لیا۔

ایرانی بیان کے مطابق مذکورہ زیرِ آب جہاز جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اسے 2025 میں امریکی فوج کے بحری بیڑے کے حوالے کیا گیا تھا۔ پاسداران انقلاب نے کہا کہ اس جہاز کی تصاویر بھی آنے والے گھنٹوں میں جاری کی جائیں گی۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس نوعیت کے بغیر پائلٹ زیرِ آب جہازوں میں سمندر کی سطح کے نیچے جاسوسی اور نگرانی، سمندری فرش کی نقشہ سازی، سمندری بارودی سرنگوں کا سراغ لگانے اور زیرِ آب کیبلز و پائپ لائنوں کے معائنے جیسی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں۔

آبنائے ہرمز خطے کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں حالیہ کشیدگی کے باعث پہلے ہی عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے اس دعوے سے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.