تازہ ترین

پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے: نیول چیف

0

اسلام آباد میں یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے، جبکہ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

8 ستمبر کو یومِ بحریہ کے سلسلے میں دن کا آغاز پاک بحریہ کی تمام مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

مرکزی تقریب نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے 1965 کی جنگ کے شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاک بحریہ کے مختلف فیلڈ کمانڈز اور ہیڈ کوارٹرز میں بھی شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ نے قربانی، پیشہ ورانہ مہارت اور شجاعت کی عظیم روایات کو ہمیشہ آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے 1965 کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ نے شاندار آپریشن دوارکا کے ذریعے دشمن کی ساحلی ریڈار تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے بھارتی بحریہ کو ہر قسم کی جارحیت سے باز رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

نیول چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا دفاع مکمل طور پر ناقابلِ تسخیر ہے اور دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت کی صورت میں اسے فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.