تازہ ترین

ملک گیر ہڑتال `جماعتِ اسلامی سے مذاکرات کیلئے حکومتی وفد منصورہ پہنچ گیا

0

لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کے دوران حکومت نے احتجاجی تحریک کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے اہم قدم اٹھا لیا۔ حکومتی وفد جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ پہنچ گیا ہے، جہاں جماعت اسلامی کی قیادت کے ساتھ مطالبات اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر بات چیت کی جارہی ہے۔

حکومتی وفد میں سینیٹر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر احسن اقبال اور خواجہ سلمان رفیق شامل ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے نائب امیر لیاقت بلوچ مذاکراتی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

مذاکرات میں جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے مطالبات زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔ جماعت اسلامی پہلے ہی واضح کرچکی ہے کہ حکومت کی جانب سے مؤثر ریلیف پیکیج پیش کیا جانا ضروری ہے۔

جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم میں نائب امیر لیاقت بلوچ کے علاوہ ڈپٹی سیکریٹری فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری اور نوید علی بیگ شامل ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن بھی مذاکرات میں شریک ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے ملک بھر میں پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی سرگرمیاں جاری ہیں۔

جماعت اسلامی نے 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت مختلف شہروں میں کاروباری مراکز اور مارکیٹوں میں ہڑتال کی گئی۔ بعض علاقوں میں ہڑتال کا اثر زیادہ رہا جبکہ کئی مقامات پر کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر متاثر ہوئیں۔

جماعت اسلامی کے مطابق پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی مالی بوجھ ہے اور حکومت کو عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔ پارٹی قیادت نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب حکومت نے جماعت اسلامی کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت نیک نیتی سے ملاقات کیلئے جارہی ہے اور دھرنوں و جلوسوں کے بجائے مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جانا چاہیے۔

منصورہ میں ہونے والی بات چیت کو حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور پٹرولیم لیوی سمیت عوامی مطالبات پر کسی قابلِ عمل حل تک پہنچنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.