تازہ ترین

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 15 خوارج ہلاک

0

راولپنڈی: پاکستان افغانستان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی شمالی وزیرستان کے بالمقابل سرحدی علاقے میں کی گئی، جہاں دہشت گرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دراندازوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

فوج کے مطابق جھڑپ تقریباً 36 گھنٹے جاری رہی، جس کے دوران 15 بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج ہلاک ہوئے۔

کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور تلاشی کا عمل شروع کیا گیا، جس کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا اسلحہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے پاکستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے عزائم کو مزید واضح کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے ایک بار پھر افغان طالبان حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ فوجی ترجمان کے مطابق مؤثر سرحدی انتظام اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل بھی ضروری ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حکومت کے عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، جن کا مقصد ملک میں غیر ملکی معاونت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کا خاتمہ ہے۔

پاکستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی دوسری سہ ماہی میں بھی دونوں صوبے ملک میں دہشت گردی سے متعلق ہلاکتوں اور پرتشدد واقعات کے بڑے مراکز رہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.