کراچی اور ملائیشیا کے درمیان فضائی رابطے کی بحالی کی امید پیدا ہوگئی ہے، ملائیشیا کے قونصل جنرل نے کراچی کے لیے ملائیشین ایئرلائنز کی پروازیں جلد شروع کرنے کا عندیہ دے دیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملائیشیا کے نو تعینات قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان باہمی تجارت کا حجم بڑھانے اور عوامی و کاروباری روابط کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری وفود کے تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشین سیاحوں کے لیے پاکستان میں بے شمار پرکشش سیاحتی مقامات موجود ہیں۔
نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں فلم فیسٹیولز کا انعقاد ثقافتی اور معاشرتی روابط کے فروغ کا بہترین ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سرجیکل آلات کی دنیا بھر میں طلب ہے اور اس شعبے میں ملائیشیا کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔
ملاقات کے دوران ملائیشیا کے قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے کراچی کے لیے ملائیشین ایئرلائنز کی پروازیں جلد شروع ہونے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکانومی ڈپلومیسی کا فروغ ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
ملائیشین قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی، الیکٹرک گاڑیوں اور سولر انرجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو بھی ترجیح دی جائے گی۔
ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان عوامی اور کاروباری روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔