کوئٹہ: جشنِ آزادی کی تقریب سے واپسی پر بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کے قافلے کو مستونگ میں مسلح افراد نے نشانہ بنا دیا، تاہم وزیر داخلہ حملے میں محفوظ رہے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ، کنڈ عمرانی کے مقام پر پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے وزیر داخلہ بلوچستان کے قافلے پر فائرنگ کی۔ حملے کے دوران سیکیورٹی پر مامور 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد میر ضیاء اللہ لانگو نے اسپتال پہنچ کر زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
پولیس حکام کے مطابق حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہوگئے۔ معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق پولیس اہلکاروں نے تقریباً 20 منٹ تک حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا۔
پولیس کے مطابق میر ضیاء اللہ لانگو قلات میں ڈپٹی کمشنر آفس میں جشنِ آزادی کی تقریب میں شرکت کے بعد کوئٹہ واپس جا رہے تھے کہ کھڈ کوچہ، کنڈ عمرانی کے مقام پر ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کے بعد صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بزدلانہ حملوں سے ان کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے حملوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا اور پاکستان سے محبت و وابستگی کو کسی بھی حملے کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زندہ باد تھا، زندہ باد ہے اور زندہ باد رہے گا۔
دوسری جانب معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔