تازہ ترین

سرکاری ملازمتیں فروخت نہیں ہوں گی، میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا: سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ- بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے 19 افسران کی میرٹ پر تعیناتی کا عمل مکمل ہوگیا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نو منتخب افسران میں تقرری کے لیٹرز تقسیم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں محنت، دیانت داری اور ریاست سے غیر مشروط وفاداری کے ساتھ ادا کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی صوبے کے معاشی مستقبل میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صوبے کے وسائل کا بڑا حصہ غیر ترقیاتی اخراجات پر خرچ ہوجاتا ہے، جس کے باعث عوامی فلاح و بہبود کے لیے محدود وسائل دستیاب رہتے ہیں۔

 

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی سے توقع ہے کہ وہ صوبے کی آمدن میں اضافہ کرے گی اور کم از کم غیر ترقیاتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے خاطر خواہ وسائل پیدا کرے گی۔ ان اخراجات میں کمی سے بچنے والے وسائل تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جاسکیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے منصب سنبھالتے ہی بلوچستان کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ سرکاری ملازمتیں فروخت نہیں ہوں گی اور بھرتیوں میں میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق محکمہ تعلیم میں 14 ہزار 500 سے زائد اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر کی گئیں، جبکہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں حالیہ تعیناتیاں بھی اسی پالیسی کا تسلسل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھرتی کے عمل میں میرٹ کی سطح کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے اپنے ضلع ڈیرہ بگٹی سے بھی کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔ ان کے مطابق پورے عمل کے دوران کسی ایگزیکٹو آفس سے کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا اور تمام تقرریاں مکمل میرٹ پر ہوئیں۔

سرفراز بگٹی نے میرٹ یقینی بنانے پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان نورزئی اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیاں ہی نوجوانوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

وزیراعلیٰ نے نو منتخب افسران سے کہا کہ وہ خلوص، محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ مقررہ اہداف کے حصول کے لیے کام کریں۔ ان کے مطابق آئندہ مالی سال کے اہداف میں نمایاں بہتری حاصل کرنا نئے افسران کا پہلا امتحان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست سے غیر مشروط اخلاص ہر سرکاری افسر کا طرۂ امتیاز ہونا چاہیے اور فرائض کی انجام دہی میں ریاست کو ہر سطح پر مقدم رکھا جانا ضروری ہے۔ نوجوانوں اور ریاستی اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے میرٹ کو فروغ دینا ہوگا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کو معاشی طور پر مستحکم اور اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے جامع اقدامات کررہی ہے۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو ایک مثالی، مؤثر اور فعال ادارہ بنایا جائے گا جو صوبے کے مالی استحکام میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے میرٹ کی بنیاد پر بلوچستان کی باصلاحیت خواتین کے بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں افسران کے طور پر منتخب ہونے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سمیت صوبے کے تمام باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.