تازہ ترین

توانائی تحفظ مضبوط بنانے کیلئے حکومت کا اہم قدم، فزیبلٹی اسٹڈی شروع

0

اسلام آباد-پاکستان میں توانائی کے ممکنہ بحران سے نمٹنے اور تیل کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کے قیام کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی شروع کردی ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ حکومت نے مسابقتی بولی کے عمل کے بعد عالمی مشاورتی ادارے ووڈ میک کینزی کو فزیبلٹی اسٹڈی کا ٹینڈر دے دیا، جبکہ منصوبے کے لیے مجموعی طور پر چار بولیاں موصول ہوئی تھیں۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت توانائی کے تحفظ کو قومی سلامتی سے جوڑتے ہوئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز کے حالیہ بحران نے تیل کی فراہمی میں ممکنہ تعطل سے نمٹنے کے لیے ملکی ذخائر اور توانائی کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت واضح کردی ہے۔

اعلامیے کے مطابق فزیبلٹی اسٹڈی پاکستان کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اور قابل عمل حل تجویز کرے گی۔ اس دوران اسٹریٹجک ذخائر کے لیے موجودہ بنیادی ڈھانچے، ترسیل و رسد، مالی وسائل، قانونی اور ضابطہ جاتی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی پہلے ہی بڑی عالمی تیل کمپنیوں کے لیے عالمی معیار کی بانڈڈ ذخیرہ اندوزی اسکیم کی منظوری دے چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں اور فریقین کو ووڈ میک کینزی کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی، جبکہ فزیبلٹی اسٹڈی کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.