بابر اعظم کی بیٹنگ پریکٹس شروع، لارڈز ٹیسٹ میں واپسی کی امید روشن
لندن- لارڈز ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو اہم ریلیف مل گیا، انگلی کی انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر رہنے والے کپتان بابر اعظم نے بیٹنگ پریکٹس دوبارہ شروع کردی، جس کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں ان کی واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
بابر اعظم نے لارڈز کے انڈور ہال میں کوچنگ اسٹاف کے رکن کے ساتھ طویل بیٹنگ سیشن میں حصہ لیا اور مختلف گیندوں پر اسٹروکس کھیلتے نظر آئے۔ ان کی پریکٹس کی ویڈیو بھی لارڈز کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی۔
بابر اعظم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل پریکٹس میچ کے دوران دائیں ہاتھ میں چوٹ لگی تھی، جس کے باعث وہ 19 اگست سے ہیڈنگلے میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے تھے۔
پاکستان کو ہیڈنگلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں اننگز اور 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد لارڈز میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ گرین شرٹس کیلئے کم بیک کا اہم موقع بن گیا ہے۔
لارڈز میں دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک کھیلا جائے گا۔ بابر اعظم کی فٹنس اور میچ میں شرکت کا حتمی فیصلہ ٹیم مینجمنٹ اور میڈیکل ٹیم کی مشاورت سے کیا جائے گا۔