تازہ ترین

190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر 10 نومبر کو سماعت ہوگی

0

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں 10 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔

اپیلوں کی سماعت چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ کرے گا۔ عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو اپنے دلائل شروع کرنے کے لیے آخری موقع بھی فراہم کردیا ہے۔

اس سے قبل بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے زیر حراست مؤکلین تک رسائی نہ ملنے کو اپیلوں پر دلائل شروع نہ کرنے کی وجہ قرار دیتے ہوئے اعتراض اٹھایا تھا۔ تاہم عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کے بعد یہ اعتراض اب غیر متعلق ہوچکا ہے۔

رواں سال جولائی میں بھی عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں وکیل کو آخری التوا دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اپیلوں کا فیصلہ دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ مقدمہ القادر ٹرسٹ کے تصفیے سے متعلق ہے، جس میں قومی احتساب بیورو نے الزام عائد کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے اربوں روپے اور زمین حاصل کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.