جنگی حالات میں قومی اتحاد، عوامی فلاح اور معاشی استحکام ضروری ہے، ایرانی سپریم لیڈر
ایران کے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں قومی اتحاد، معاشی استحکام، عوامی فلاح اور پائیدار سکیورٹی کو ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق سپریم لیڈر نے صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژه ای اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں ملک کی موجودہ صورت حال اور قومی مفادات کے تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں عوام کی بنیادی ضروریات، جنگ کے اثرات، فوجی صورت حال، روزگار، رہائش اور بیرونی اقتصادی تعلقات زیر بحث آئے۔ اس کے علاوہ ملکی کرنسی، زرمبادلہ کے انتظام اور توانائی کے وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔
صدر پزشکیان نے توانائی کے استعمال میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں گیس اور بجلی کی فراہمی میں تعطل سے بچنے کے لیے بروقت اقدامات کرنا ضروری ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی قیادت نے موجودہ حالات میں عوامی ضروریات پوری کرنے، معیشت کو مستحکم رکھنے اور قومی اتحاد برقرار رکھنے کو اہم ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ ایران کو جنگی صورت حال کے ساتھ معاشی دباؤ اور توانائی سے متعلق مسائل کا بھی سامنا ہے، جس کے باعث ملکی وسائل کے مؤثر استعمال اور عوامی فلاح پر توجہ دی جا رہی ہے۔