تازہ ترین

عوامی حمایت سے دہشت گردی کو شکست دیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

0

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی انتظامات، انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں اور سرحدی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بریفنگ کے دوران جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فوجی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ سکیورٹی خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل چوکس رہیں اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھیں۔

انہوں نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو جہاں بھی پایا گیا، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

فیلڈ مارشل نے شہدائے وطن، سکیورٹی فورسز کے غازیوں اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردی اور اس کے گمراہ کن نظریے کو شکست دے گا۔

پشاور کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.