بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں کو ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ فوج کے مطابق ان ٹھکانوں پر موجود دہشتگردوں کو بھارتی سرپرستی حاصل تھی اور ان کی سرگرمیاں مقامی آبادی کے لیے خطرہ تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جٹک آباد میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے بعد ان کے قبضے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ سکیورٹی فورسز کے ایک دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دھماکے میں دستے کی قیادت کرنے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔ ان کا تعلق لاہور سے تھا۔
عسکری حکام کے مطابق علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔