پاک ایران سرحد کی بندش پر افواہیں بے بنیاد ہیں، شاہد رند
پاک ایران سرحد کھولنے کے حوالے سے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان رابطے جاری ہیں اور سرحد جلد کھلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے سوشل میڈیا پر سرحد کی بندش سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ سرحد کی عارضی بندش کا مقصد سکیورٹی خدشات دور کرنا، اسمگلنگ کی روک تھام اور سرحدی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔ سرحد کے دونوں اطراف سکیورٹی صورتحال اور انتظامی امور بہتر بنانے کے لیے مربوط نظام وضع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کے درمیان جاری رابطوں اور انتظامی اقدامات کے نتیجے میں پاک ایران سرحد جلد کھلنے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق سرحدی انتظامات مؤثر بنانے سے سرحدی علاقوں میں امن و امان بہتر بنانے، اسمگلنگ روکنے اور قانونی تجارت سے وابستہ تاجروں کو سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
شاہد رند نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد تجارت میں غیر ضروری مشکلات پیدا کرنا نہیں بلکہ سرحدی نظام کو منظم، محفوظ اور مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے عوام اور متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے مستند معلومات پر اعتماد کریں۔