ایران کے جوہری پروگرام کی بحالی روکنا واشنگٹن کی ترجیح ہے، جے ڈی وینس
امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام کی مستقبل میں بحالی روکنے کے لیے تہران سے طویل مدتی اور قابلِ تصدیق ضمانت لینے پر زور دیا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے نزدیک معاملہ صرف جوہری تنصیبات کو نقصان پہنچانے تک محدود نہیں، بلکہ یہ یقینی بنانا بھی ضروری ہے کہ ایران آنے والے برسوں میں اپنی جوہری صلاحیت دوبارہ بحال نہ کرے۔
ایک عوامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ میں بعض پہلوؤں سے فیصلہ کن کامیابی حاصل کر چکا ہے اور ان کے بقول ایران کا جوہری پروگرام تباہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اب تہران سے مستقبل کے لیے ایسی یقین دہانی چاہتا ہے جس کی تصدیق ممکن ہو۔
وینس نے سوال اٹھایا کہ آیا ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودہ انتظامیہ کے بعد، پانچ سال گزرنے پر، ایران دوبارہ جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ یا یورینیم افزودگی کی صلاحیت قائم کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق واشنگٹن چاہتا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کی بحالی روکنے کے لیے طویل مدتی انتظامات کیے جائیں۔
دوسری جانب ایران طویل عرصے سے جوہری ہتھیار بنانے کے ارادے کی تردید کرتا آیا ہے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ اسے بجلی کی پیداوار، طبی تحقیق اور دیگر پُرامن مقاصد کے لیے جوہری پروگرام چلانے کا حق حاصل ہے۔