اسلام آباد: آڈیو لیک کیس، علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے عدالت کو آگاہ کردیا گیا-ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل گرفتار ہوچکے ہیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حاکم خان بکھر نے کیس کی سماعت کی۔ علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور ایڈووکیٹ اور مقدمے میں نامزد شریک ملزم فاروق عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل راجہ ظہور نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے آج عدالت میں پیش ہونا تھا، تاہم وہ پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایسی صورت میں دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
علی امین گنڈاپور کی عدم دستیابی کے باعث گواہان کے بیانات ریکارڈ نہ ہوسکے، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ میں آڈیو لیک کیس کا مقدمہ درج ہے۔