تازہ ترین

لیاری میں عالمی معیار کی طبی ٹیکنالوجی، 100 روبوٹک آپریشن مکمل

0

کراچی کے علاقے لیاری میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج میں 100 کامیاب روبوٹک سرجریز مکمل کر لی گئی ہیں۔ حکومتِ سندھ کے ترجمان نادر گبول نے اس کامیابی کو عوام کو جدید اور معیاری علاج مفت فراہم کرنے کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

اس موقع پر نادر گبول نے کہا کہ تاریخی طور پر بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کرنے والے علاقے لیاری میں جدید روبوٹک سرجری کی مفت سہولت فراہم کرنا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عوامی فلاح کے وژن کا عملی اظہار ہے۔ ان کے مطابق معیاری علاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اسے صرف صاحبِ حیثیت افراد تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔

نادر گبول کا کہنا تھا کہ لیاری میں اب ایسی جدید طبی سہولیات دستیاب ہیں جو دنیا کے بہترین طبی اداروں کے ہم پلہ ہیں۔ ان کے بقول سندھ حکومت اب صرف پاکستان کے دیگر صوبوں یا مقامی نجی طبی شعبے سے مقابلہ نہیں کر رہی بلکہ ترقی یافتہ ممالک کے عالمی معیار کے طبی اداروں کے برابر سہولیات فراہم کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیچیدہ روبوٹک آپریشن، جن پر نجی اسپتالوں میں لاکھوں روپے خرچ ہو سکتے ہیں یا جن کے لیے مریضوں کو بیرونِ ملک جانا پڑتا ہے، اب لیاری میں عوام کو مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق روبوٹک سرجری سے آپریشن میں زیادہ درستگی، خطرات میں کمی اور صحت یابی کے دورانیے میں کمی ممکن ہوتی ہے، جس سے مریض جلد اپنی روزمرہ زندگی اور روزگار کی طرف واپس لوٹ سکتے ہیں۔

نادر گبول نے کہا کہ سندھ حکومت کی صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے مالی وسائل کو ترجیح دی جا رہی ہے اور صوبائی بجٹ کا 10 فیصد سے زیادہ حصہ صحت کے شعبے کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس سرمایہ کاری کے ذریعے سرکاری اسپتالوں میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر بنیادی ڈھانچے اور تربیت یافتہ ماہرین کی دستیابی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں روبوٹک سرجری کے علاوہ صوبے بھر میں امراضِ قلب، حادثات سے متعلق علاج اور اعضا کی پیوندکاری کے جدید نظام کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔

حکومتِ سندھ کے ترجمان نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کے سرجنز، طبی عملے اور انتظامیہ کو 100 کامیاب روبوٹک سرجریز مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے تمام علاقوں میں جدید اور مفت اعلیٰ سطح کی طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید وسعت دی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.