تازہ ترین

وزیراعلیٰ بلوچستان کا 30 ہزار نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر بیرونِ ملک بھیجنے کے پروگرام میں تیزی لانے کا فیصلہ

0

بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے فنی تربیت کے پروگراموں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئندہ سال تک 25 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت دینے اور 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرون ملک بھجوانے کے پروگرام پر پیشرفت تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے اجلاس میں فنی تعلیم کی استعداد بڑھانے، تربیتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور نگرانی کے مؤثر نظام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ رجسٹریشن پورٹل کو فعال بنانے اور نوجوانوں کو جدید تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ وہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار حاصل کر سکیں۔

اجلاس میں چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے اہداف کے حصول میں سست روی کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق فنی تعلیم اور ہنر مندی کا فروغ نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ فنی تربیتی اداروں کی کارکردگی اور تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر نگرانی اور احتساب یقینی بنایا جائے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ہنر میں ڈھال کر انہیں ملکی ترقی اور عالمی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.