تازہ ترین

کے پی میں گورنر راج قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے، فاروق ستار

0

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی حمایت کردی۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وہ گورنر راج کے خلاف ہے تو صدر مملکت کے فیصلے پر اپنا مؤقف واضح کرے۔

بہادرآباد مرکز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا فیصلہ قومی سلامتی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں وفاقی وزرا کابینہ کے اس اجلاس میں موجود تھے، اس لیے ان کی جماعت اس فیصلے کی حامی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت انتہا پسندی اور دہشت گردی سے بڑے خطرات لاحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کو کھلی چھوٹ ملنے کے باعث خیبرپختونخوا میں حالات خراب ہوئے اور سیکیورٹی اداروں کو سخت فیصلے کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان قومی سلامتی کے معاملے پر ریاست اور عسکری اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ فاروق ستار نے پیپلز پارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی گورنر راج کی مخالفت کرتی ہے تو اسے صدر مملکت کے فیصلے پر اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے۔

ان کے مطابق دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ایسے معاملات کے اثرات کراچی سمیت دیگر علاقوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ صدر مملکت نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے متعلقہ نوٹیفکیشن پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سندھ میں بھی ایسی صورتحال پیدا ہونے سے روکنے کے لیے ریاست کی عمل داری یقینی بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت صدر مملکت نے نوٹیفکیشن پر دستخط کیے، جبکہ ضرورت پڑنے پر آرٹیکل 233 کے تحت بھی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کو مقدم رکھا جائے گا اور دہشت گردوں سمیت ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق عوام کے حقوق، امن اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.