سوئی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل تیز کرنے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ سوئی ماسٹر پلان کے تحت جاری منصوبوں کا مقصد مقامی آبادی کا معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ ہفتے کو سوئی پہنچے، جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین اور معتبرین سے ملاقات کی اور روایتی بلوچی حال احوال کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں موجود شہریوں نے انہیں اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے متعدد علاقے ماضی میں ترقیاتی سہولیات سے محروم رہے ہیں، تاہم اب ان علاقوں میں بنیادی ضروریات پوری کرنے اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، اس لیے بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے تاکہ انہیں بھی آگے بڑھنے اور تعلیم حاصل کرنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کو وسعت دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔