تازہ ترین

ریاض ایئرپورٹ حملہ، پروازیں منسوخ، کینیڈا سمیت متعدد ممالک کی سفری ہدایات

0

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد سیکیورٹی صورتحال کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوگیا، جبکہ کینیڈا سمیت متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کردی ہے۔

کویت ایئرویز نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کویت سے ریاض اور ریاض سے کویت جانے والی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایئرلائن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال معلوم کریں۔ کمپنی کے مطابق، بکنگ کے وقت فراہم کردہ موبائل نمبروں پر ایس ایم ایس اور دیگر اطلاعات کے ذریعے بھی مسافروں کو آگاہ کیا جائے گا۔

کینیڈا نے سعودی عرب میں موجود اپنے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ریاض ایئرپورٹ جانے سے پہلے اپنی پرواز کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ شہریوں کو مقامی میڈیا پر نظر رکھنے اور حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

سفری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ میزائل یا فوجی کارروائیوں کا ملبہ نظر آنے کی صورت میں اس سے دور رہیں اور اپنی حفاظت کو ترجیح دیں۔

واضح رہے کہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوگئے، جنہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.