اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک روانہ ہوگئے ہیں۔ اجلاس 12 سے 18 اکتوبر 2026 تک منعقد ہوں گے۔
وزیر خزانہ پاکستان کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے عالمی مالیاتی اداروں، وزرائے خزانہ، پالیسی سازوں، ترقیاتی شراکت داروں، عالمی سرمایہ کاروں اور بینکوں کے نمائندوں کے ساتھ 60 سے زائد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستان معاشی استحکام کے بعد سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب پیش رفت کررہا ہے۔ حکومت ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانے اور بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں سمیت ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
دورے کے دوران محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور عالمی بینک گروپ کی قیادت، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان نشستوں میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات، نجی شعبے کی ترقی اور مستقبل میں تعاون کے امکانات زیرِ بحث آئیں گے۔
وزیر خزانہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے خطے سے تعلق رکھنے والے وزرائے خزانہ، مرکزی بینکوں کے گورنرز اور علاقائی مالیاتی اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک، اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی اور دیگر اہم ترقیاتی مالیاتی اداروں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔
محمد اورنگزیب چین، ترکیہ، ایران، برطانیہ اور میزبان ملک تھائی لینڈ کے ہم منصبوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان مذاکرات میں اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ امریکی محکمہ خزانہ کے حکام سے ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون اور پاکستان کے اصلاحاتی و سرمایہ کاری ایجنڈے پر بات ہوگی۔
وزیر خزانہ جے پی مورگن، سٹی، ڈوئچے بینک، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، ایم یو ایف جی، مشرق بینک، دبئی اسلامک بینک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران سرمایہ کاری سیمینارز، سرمایہ کار فورمز اور گول میز مباحثوں میں پاکستان کے سرمایہ کاری امکانات اجاگر کیے جائیں گے۔ عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں، ساختی اصلاحات، عالمی سرمایہ منڈیوں تک رسائی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو پیش کیا جائے گا۔
محمد اورنگزیب علی بابا انٹرنیشنل ڈیجیٹل کامرس کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس اور سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو ہوگی۔
وزیر خزانہ جی 24 وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے اجلاس، 17ویں وی 20 وزارتی مکالمے اور موسمیاتی اقدامات کے لیے وزرائے خزانہ کے اتحاد کے 16ویں وزارتی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ وہ روزگار کے بہتر مواقع سے متعلق وزارتی مکالمے، قرض لینے والے ممالک کے فورم کی گورننگ کونسل کے پہلے اجلاس اور سالانہ اجلاسوں کے عمومی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ دورے کے دوران خودمختار مالیاتی خطرات میں کمی اور آبادیاتی تبدیلی کو انسانی سرمائے اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنے سے متعلق اعلیٰ سطحی پالیسی اجلاسوں میں بھی شرکت متوقع ہے۔