اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی و عالمی امن و سلامتی سمیت متعدد اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشت گردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت مختلف علاقائی اور عالمی امور زیر بحث آئے۔
اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پُرامن حل کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کیلئے پاکستان کی سہولت کاری بھی شامل ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تنازعات کے حل کیلئے مکالمہ اور سفارت کاری مؤثر ترین ذرائع ہیں، جبکہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور پرامن حل کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کی دیرینہ خدمات کو سراہا اور مکالمے، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔