تازہ ترین

پی ٹی آئی لانگ مارچ کو اٹک سے آگے نہیں بڑھنے دیں گے، فیصل کنڈی

0

پشاور: خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے قافلے کو اٹک سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس اٹک سے آگے جانے کی صلاحیت موجود نہیں، اگر وہ ایک قدم آگے بڑھ کر دکھائیں تو معلوم ہوجائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی کی جانب سے بڑے پیمانے پر عوام کو لانگ مارچ میں شریک کرنے کے دعووں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر لاکھوں افراد لانے کی بات کی جارہی ہے تو پھر وہ عوام کہاں ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشتگردی کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے، لیکن صوبائی حکومت دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے بجائے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کی ملاقاتوں میں سیکیورٹی صورتحال، پی ٹی آئی سے مذاکرات اور لانگ مارچ سمیت مختلف معاملات زیر بحث آتے رہے ہیں۔

گورنر نے لانگ مارچ کے دوران سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے تو پی ٹی آئی کے پاس شرکا کی سکریننگ اور حفاظتی انتظامات کیلئے کیا مؤثر نظام موجود ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا حکومت پر دہشتگردی کے معاملے میں تعاون نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے عسکریت پسندی کے خلاف تعاون مانگنے پر صوبائی حکومت کی جانب سے مختلف مطالبات سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر بھی عسکریت پسندوں کو خیبرپختونخوا میں آباد کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اسی تناظر میں انہیں ماضی میں مختلف القابات سے پکارا جاتا رہا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید کے اشاروں پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد سعید کو بھی قانون کے سامنے جواب دہ ہونا ہوگا۔

صوبے میں گورنر راج کے امکان پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر راج ہمیشہ آخری آپشن ہوتا ہے اور کوئی بھی گورنر راج نافذ کرنا نہیں چاہتا۔ ان کے مطابق اگر حالات اس حد تک پہنچ جائیں کہ کوئی دوسرا راستہ باقی نہ رہے تو صدر مملکت اور وزیراعظم کے فیصلے کے بعد اس آپشن پر عمل کیا جاسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.