تازہ ترین

گوادر میں سیٹلمنٹ کی تکمیل کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت

0

گوادر: ضلع گوادر میں زمینوں کے سیٹلمنٹ اور ریکارڈ کی تکمیل کے عمل کو تیز کرنے کے لیے کمشنر مکران ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ نے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے اور مکمل شدہ ریکارڈ فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی۔

کمشنر مکران کی زیر صدارت سیٹلمنٹ سے متعلق اجلاس میں ضلع گوادر کے مختلف مواضعات کی زمینوں کے سیٹلمنٹ، ریکارڈ کی تکمیل اور ضلعی انتظامیہ کو ریکارڈ کی منتقلی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیٹلمنٹ ریکارڈ اور زیر تکمیل کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف مواضعات کی زمینوں کے ریکارڈ کی تکمیل کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ نے ضلع گوادر میں سیٹلمنٹ کا عمل جلد مکمل کرنے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو پیش رفت کی مسلسل نگرانی کرے گی اور زیر التوا امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جن مواضعات کا سیٹلمنٹ مکمل ہوچکا ہے، ان کا ریکارڈ آئندہ ایک ہفتے کے اندر ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے، تاکہ ریکارڈ کی منتقلی کا عمل مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جاسکے۔

کمشنر مکران نے کہا کہ جہاں اضافی عملے کی ضرورت ہو وہاں ضرورت کے مطابق اسٹاف فراہم کیا جائے گا تاکہ زمینوں کا ریکارڈ جلد مکمل، درست اور قابل اعتماد بنایا جاسکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیٹلمنٹ کے عمل میں تعاون نہ کرنے یا سستی کا مظاہرہ کرنے والے اسٹاف کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ ذمہ داری میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف بھی کیا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ، سیٹلمنٹ آفیسر مکران ڈویژن زاہد لانگو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گوادر ظہور بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.