اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور فریقین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا فائنل ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی فائنل ڈرافٹ لے کر ایوانِ صدر روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں مذاکراتی معاہدے کے مسودے اور اس میں شامل نکات سے آگاہ کریں گے اور انہیں اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت لاہور میں موجود ہیں، اس لیے محسن نقوی وزیراعظم کو بھی فون کے ذریعے فائنل ڈرافٹ کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
مذاکرات کے دوسرے دور میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مختلف مطالبات اور اہم سیاسی معاملات پر تفصیلی مشاورت ہوئی، جس کے بعد معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دی گئی۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سمیت دیگر اہم معاملات بھی زیرِ بحث آئے، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے حتمی اعلان سے قبل اپنی قیادت سے مشاورت کو اہم قرار دیا گیا۔
محمود خان اچکزئی نے بیرسٹر گوہر سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کو آگاہ کیا جائے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی حتمی اعلان کیا جائے گا، اس سے پہلے کوئی
اعلان نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد میں لینے کے بعد مذاکراتی معاہدے کے فائنل ڈرافٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا اور فریقین کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔