ایران پر پابندیوں میں عارضی نرمی، نجف اور ایران کے درمیان پروازیں بحال
ایران اور عراق کے درمیان فضائی رابطے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی انتظامیہ نے ایران پر عائد بعض پابندیوں میں عارضی نرمی کرتے ہوئے نجف اور ایران کے درمیان مسافر پروازوں کی بحالی کی اجازت دے دی ہے۔
عراقی میڈیا کے مطابق امریکی اجازت کے بعد نجف اور ایران کے مختلف ہوائی اڈوں کے درمیان پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ پروازوں کی بحالی کے لیے عراقی حکام نے سفارتی سطح پر کوششیں کی تھیں۔
رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ عراقی ایئر ویز کو ایک ماہ تک ایران اور نجف کے درمیان پروازیں چلانے کی اجازت دے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس عارضی اجازت کو مستقل استثنیٰ میں تبدیل کرنے کے امکان پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
عراقی حکام نے امریکا سے طبی علاج، تعلیم اور مذہبی زیارت کے لیے ایران جانے والے افراد کو بھی پابندیوں سے استثنیٰ دینے کی درخواست کی ہے۔
پروازوں کی بحالی سے ایران اور عراق کے درمیان مسافروں کی آمدورفت، بالخصوص مذہبی زیارتوں کے لیے سفر میں سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔