اسلام آباد: بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیوں کے دوران گزشتہ 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی کلیئر کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کارروائیوں کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور بہادری کا مظہر قرار دیتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے منسلک دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق انہوں نے کہا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشتگردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے کلیئر کرکے مقامی آبادی کو دہشتگرد عناصر کے خطرے سے نجات دلائی۔ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے منسلک دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے متعدد دہشتگردوں کے خاتمے اور کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشتگردوں کے منصوبوں کو ناکام بناتے ہوئے مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیاں کیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور دہشتگردی کے خلاف ان کی قربانیوں، عزم اور کوششوں کو ملک بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کی کوششوں میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، جبکہ دہشتگرد گروہوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں عوامی تعاون بھی اہمیت رکھتا ہے۔
محسن نقوی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے یہ مہم عزم کے ساتھ آگے بڑھائی جائے گی۔