ڈیرہ اسماعیل خان: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں امن میلہ کے قریب چیک پوسٹ پر دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔
صحافی کامران علی کے مطابق دھماکا چیک پوسٹ کے قریب ہوا، جس کے باعث چیک پوسٹ تباہ ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی درازندہ اسٹیشن سے ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر محمد عارف خان کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید 4 ایمبولینسز اور اضافی عملہ بھی جائے وقوعہ روانہ کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق 30 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے 11 افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔