اسلام آباد: پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات کی کارروائی کرتے ہوئے 2800 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کرلی ہیں، جن کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
یہ کارروائی میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے تحت پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے کی۔ کارروائی کے دوران مشکوک ماہی گیر کشتی کو روکا گیا اور تلاشی کے بعد بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئیں۔
پاک بحریہ کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر ہے۔ کامیاب کارروائی پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے دونوں جہازوں کے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔
پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور عالمی بحری سلامتی میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔