تازہ ترین

27 ستمبر مارچ سے قبل`پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 106 گرفتار

0

راولپنڈی: پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کے اعلان کے بعد راولپنڈی ڈویژن میں پارٹی کارکنوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی، جہاں پولیس ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں سے 106 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے کارکنوں کو 30 روز کے لیے اڈیالہ جیل میں نظر بند رکھا جائے گا۔ حکام نے یہ کارروائی مینٹیننس آف پبلک آرڈر کی دفعہ 3 کے تحت جاری کردہ نظر بندی کے احکامات کے ذریعے کی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کی سفارش ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی نے کی تھی۔ راولپنڈی میں 31 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا، جبکہ اٹک میں 35، چکوال میں 23، جہلم میں 13 اور واہ کینٹ میں 4 کارکنوں کو نظر بند کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مختلف اضلاع میں ہونے والی یہ کارروائیاں پی ٹی آئی کے اعلان کردہ 27 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے تناظر میں کی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پارٹی کے مطابق قافلہ خیبر پختونخوا سے وفاقی دارالحکومت کی طرف روانہ ہوگا، جبکہ خیبر پختونخوا سے منسلک علاقوں کے عوام بھی مارچ میں شرکت کریں گے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ مارچ پرامن ہوگا۔ ان کے مطابق دیگر شہروں کے لوگ اپنے اپنے علاقوں میں رہیں گے جبکہ قریبی علاقوں سے لوگ اسلام آباد کی جانب سفر کریں گے۔

شفیع جان نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد کی طرف بڑھے گی اور اس مارچ کو موجودہ نظام کے خاتمے کی کوشش قرار دیا۔ دوسری جانب 27 ستمبر کے مارچ سے قبل راولپنڈی ڈویژن میں کارکنوں کی تازہ نظر بندیوں سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.