تازہ ترین

برطانوی ادارے کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان

0

اسلام آباد: پاکستان کے معاشی امکانات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر عالمی اداروں کا اعتماد بڑھنے لگا، برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (BII) نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری نمایاں طور پر بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انفراسٹرکچر، کلائمیٹ فنانس، ٹیکنالوجی اور پرائیویٹ مارکیٹس کو اہم ترجیحات قرار دیا ہے۔

یہ پیش رفت وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور BII کے منیجنگ ڈائریکٹر و ایشیا کے سربراہ سرینی ناگراجن کے درمیان ملاقات میں سامنے آئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں BII کے سرمایہ کاری منصوبوں، نجی سرمائے کے فروغ، انفراسٹرکچر، کلائمیٹ فنانس، پرائیویٹ ایکویٹی، ایس ایم ای فنانسنگ اور اقتصادی اصلاحات سے پیدا ہونے والے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرینی ناگراجن نے BII کی 2026-31 حکمت عملی سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا، جس کے تحت ادارہ ایشیا اور افریقہ میں کم از کم 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتا ہے، جس میں جنوبی ایشیا اور فرنٹیئر مارکیٹس پر خصوصی توجہ ہوگی۔

انہوں نے پاکستان کو ایک اہم سرمایہ کاری منزل قرار دیتے ہوئے آنے والے برسوں میں ملک میں BII کی سرمایہ کاری کا دائرہ نمایاں طور پر بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

BII حکام نے اپنے سرمایہ کاری تجربے کو استعمال کرتے ہوئے انفراسٹرکچر، کلائمیٹ فنانس، مالیاتی خدمات، ٹیکنالوجی اور پرائیویٹ مارکیٹس میں نجی سرمائے کو متحرک کرنے اور سرمایہ کاری کے قابل مارکیٹس کی ترقی میں تعاون کی پیشکش بھی کی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان میں معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے ساتھ حکومت کے اصلاحاتی، نجکاری اور نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی کے ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے پاکستان کی 3 ارب ڈالر کی بین الاقوامی بانڈز کی فروخت، نجکاری میں پیش رفت اور خودمختار کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری کو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی علامات قرار دیا۔

ملاقات میں کلائمیٹ فنانس، کیپیٹل مارکیٹ کے ذرائع، ایس ایم ایز اور زراعت کیلئے فنانسنگ، نجی سرمایہ کاروں کو متحرک کرنے اور ملکی و بین الاقوامی نجی سرمائے کیلئے نئے فنانسنگ ڈھانچے تشکیل دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔

BII نے پاکستان میں قابلِ عمل سرمایہ کاری کے مواقع پر کام کرنے اور پائیدار معاشی ترقی میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ وزیر خزانہ نے حکومتی اقدامات، مطالعات اور پالیسی فورمز میں BII کے بین الاقوامی تجربے سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کا خیرمقدم کیا۔

سرینی ناگراجن نے پاکستان کے معاشی ماحول میں بہتری کو سراہتے ہوئے ملک کے معاشی مستقبل کے امکانات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.