تازہ ترین

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرائی گئی تو عوام کا سیلاب آئے گا، بیرسٹر گوہر

0

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے سیاسی قیادت اور خاندان کی ملاقات کرائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کے لیے کل کا دن اہم ہے اور علامہ راجا ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات انتہائی ضروری ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے الیکشن کمیشن کے معاملے پر وزیراعظم کو خط لکھا ہے، جس کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔

مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی بات چیت محض پیشکشوں تک محدود رہی، تاہم اب اس معاملے میں عملی پیش رفت ہونی چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معاملات عوامی خواہشات کو نظرانداز کرکے خود طے کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام کا سیلاب آ سکتا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کراچی آمد کے دوران رکاوٹیں کھڑی کیے جانے کے باوجود عوام نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ ان کے بقول یہ ردعمل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عوام اسٹیٹس کو قبول نہیں کرنا چاہتی۔

ملک میں دہشتگردی کے معاملے پر پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اس حساس معاملے پر نہ پوائنٹ اسکورنگ ہونی چاہیے اور نہ ہی سیاسی بیانات دیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دہشتگردی سے متعلق بیان کو متعصبانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور ان سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

بیرسٹر گوہر نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت اور ’را‘ ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب کے علاوہ کوئی اور اس نوعیت کا بیان دیتا تو اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاسی قیادت کو دہشتگردی کے معاملے پر سنجیدہ رویہ اختیار کرنا چاہیے کیونکہ اس جنگ میں شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار قربانیاں دے رہے ہیں۔

نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ موضوع ہے جس پر باقاعدہ بحث ہونی چاہیے اور اس حوالے سے متنازع قانون سازی سے گریز کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مرضی کے بغیر سندھ کی تقسیم سے وفاق کمزور ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.