تازہ ترین

ایران میں موجودہ حکومت کا خاتمہ قریب ہے، نیتن یاہو

0

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کی موجودہ حکومت کے مستقبل کے حوالے سے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حکومت کا خاتمہ قریب ہے اور اسرائیل اسے اقتدار سے ہٹانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران اگر اسرائیل پر حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے ایسا جواب دیا جائے گا جس کا وہ تصور بھی نہیں کرسکتا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے کابینہ اجلاس کے دوران نیتن یاہو کی تقریر کا ایک اقتباس جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ایران میں موجودہ حکومت کمزور ہوچکی ہے اور اس کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔

نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ ایران اس وقت اسرائیل پر حملہ کرنے سے گریز کر رہا ہے، تاہم اگر تہران نے حملے کی ’’غلطی‘‘ کی تو اسے انتہائی سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کو ایسا دھچکا لگ سکتا ہے جس کا وہ تصور بھی نہیں کرسکتا۔

اس سے قبل بھی نیتن یاہو کہہ چکے ہیں کہ ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا اسرائیل کا مرکزی مشن ہے اور یہ مقصد اب اس کی دسترس میں ہے۔ ان کے مطابق ایرانی حکومت اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے اور پہلے کے مقابلے میں کمزور ہوچکی ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ ان کی ہدایت پر اسرائیلی حکومت اور متعلقہ سیکیورٹی ادارے ایرانی حکومت کو شکست دینے اور اسے ختم کرنے کے لیے مسلسل متحرک ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسرائیلی پائلٹس کسی بھی وقت ایران کے اندر کارروائی کے لیے پہنچ سکتے ہیں۔

غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل اس وقت غزہ کے تقریباً 60 فیصد علاقے پر کنٹرول رکھتا ہے اور اسرائیلی افواج مزید علاقوں کی جانب پیش قدمی کر رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ غزہ میں اسرائیل کے بنیادی اہداف میں حماس کو مکمل طور پر غیر مسلح کرنا اور علاقے کو غیر عسکری بنانا شامل ہے۔

نیتن یاہو کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری فوجی کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں مزید تصادم کے خدشات بدستور موجود ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.