تازہ ترین

خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے بلوچستان حکومت کا بڑا اقدام

0

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے 600 خواتین کی تربیت مکمل کرلی، جبکہ کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے والی 100 خواتین کو مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ ہر خاتون کو کاروبار شروع کرنے کے لیے 2 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کاروبار شروع کرنے والی خواتین کو مالی معاونت کی فراہمی حکومت کے اس عزم کی عملی تصویر ہے جس کا مقصد بلوچستان کی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صرف خواتین کو ہنر مند بنانے تک محدود نہیں رہنا چاہتی بلکہ انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے اور باوقار معاشی زندگی گزارنے کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی ہر باصلاحیت بیٹی کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع ملنے چاہئیں۔ ان کے مطابق خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے سے نہ صرف خاندانوں کا معاشی استحکام بہتر ہوگا بلکہ صوبے کی مقامی معیشت اور ترقی کو بھی تقویت ملے گی۔

حکومت بلوچستان کے مطابق خواتین کے لیے شروع کیے گئے کاروباری پروگرام کے ذریعے 600 خواتین کو تربیت فراہم کی گئی ہے، جبکہ عملی کاروباری میدان میں قدم رکھنے والی 100 خواتین کو مالی معاونت دی گئی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو باقاعدہ کاروبار میں تبدیل کرسکیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایک طرف حکومت بلوچستان خواتین کو تعلیم، ترقی، معاشی خودمختاری اور خوشحالی کے مواقع فراہم کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب دہشتگرد عناصر صوبے کی بچیوں کو تشدد اور تباہی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ بلوچستان کی نوجوان نسل کو تعلیم، ہنر، روزگار اور باوقار مستقبل کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی تربیت، مالی معاونت اور کاروباری مواقع سے متعلق پروگراموں کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں اور اپنے خاندانوں کی معاشی بہتری میں مؤثر کردار ادا کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.