تازہ ترین

جماعت اسلامی کی حکومت گرانے کی دھمکی، دھرنوں کا رخ تبدیل کرنے کا اعلان

0

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی اپنے جاری دھرنوں کا رخ تبدیل کرتے ہوئے انہیں حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل کر دے گی۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا 22ویں روز میں داخل ہو چکا ہے اور کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے مسلسل اتنے بڑے پیمانے پر کارکنوں کو روزانہ جمع کرنا آسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ آئندہ مرحلے میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جا سکتی ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں کاروباری اور معمول کی سرگرمیاں روکنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا راستہ بھی موجود ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کسانوں کے مسائل پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مل مالکان حکومت کے ساتھ مل کر کسانوں کا استحصال کرتے ہیں، جبکہ چینی اور آٹے کی قیمتیں کم نہیں کی جاتیں اور کسانوں کو بھی ان کی پیداوار کی مکمل رقم نہیں ملتی۔

انہوں نے بجلی کے معاملات پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف حکومت بجلی کے شعبے سے اربوں روپے کا محصول وصول کر چکی ہے، جبکہ 200 یونٹ کے نام پر بھی غریب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بجلی پیدا ہی نہیں ہو رہی، عوام سے اس کے پیسے کیوں وصول کیے جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.