تازہ ترین

بجلی کا نیا جھٹکا! فی یونٹ قیمت میں بڑا اضافہ

0

اسلام آباد: مہنگی بجلی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی کردی ہے۔ نئے اضافے کا مالی بوجھ صارفین کو آنے والے بجلی کے بلوں میں برداشت کرنا ہوگا۔

نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق ملک بھر کے صارفین کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں کیا گیا یہ اضافہ ستمبر 2026 کے بجلی کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔ جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے مجموعی طور پر 33 ارب روپے سے زائد اضافی رقم وصول کی جائے گی۔

دوسری جانب نیپرا نے اپریل سے جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی کی قیمت میں 52 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق ستمبر سے نومبر 2026 تک تین ماہ کے لیے ہوگا اور کے الیکٹرک کے صارفین بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہوں گے۔

سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر مزید 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ منتقل ہوگا۔

یوں ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ دونوں کو ملا کر صارفین پر مجموعی طور پر 45 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ بجلی کے نرخوں میں تازہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک بھر میں صارفین پہلے ہی بجلی کے بھاری بلوں اور بڑھتے ہوئے گھریلو اخراجات کے باعث شدید مالی دباؤ کا سامنا کررہے ہیں۔

نیپرا کے فیصلے کے بعد ستمبر سے نومبر کے دوران صارفین کو بجلی کے بلوں میں ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی اضافی رقم ادا کرنا ہوگی، جس کے باعث گھریلو اور کاروباری صارفین کے بجلی کے اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

واضح رہے کہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا تعلق جولائی 2026 کی بجلی کی لاگت سے جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا تعلق اپریل تا جون 2026 کی مدت سے ہے۔ دونوں اضافے مقررہ مدت کے دوران صارفین کے بجلی کے بلوں میں وصول کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.