پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی سنبھال لی
خطے میں اقتصادی تعاون، باہمی رابطوں اور مشترکہ ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی آئندہ ایک سال کے لیے باقاعدہ سربراہی سنبھال لی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے اس عرصے کے لیے علاقائی رابطوں، جدت اور مشترکہ خوشحالی کو ترجیح دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سربراہی کا مرکزی موضوع ’’ویژن کو عملی اقدامات میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ ہوگا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کرغزستان کو کامیاب سربراہی اجلاس کی میزبانی پر مبارکباد دیتے ہوئے تنظیم کی قیادت کرنے پر اس کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل سے خطاب کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ 25 سالہ تاریخ کے دوران SCO علاقائی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’شنگھائی اسپرٹ‘‘ کے اصولوں کے تحت تنظیم مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھی ذکر کیا اور واضح کیا کہ دہشت گردی کی ہر شکل اور ہر مظہر کو مسترد کیا جانا چاہیے۔
علاقائی آبی تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پانی خطے کے عوام کی زندگی اور معیشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اسے سیاسی دباؤ یا جبر کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ مشترکہ آبی وسائل سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کیا جائے اور ان پر ان کی روح اور الفاظ کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
پاکستان کی سربراہی ایسے وقت میں شروع ہوئی ہے جب SCO اپنے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی، سکیورٹی اور علاقائی رابطوں کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ تنظیم آنے والے عرصے میں اپنا کردار مزید وسعت دے گی اور SCO خطے میں رہنے والے تین ارب سے زائد افراد کے لیے عملی اور ٹھوس فوائد پیدا کرنے میں کامیاب ہوگی۔