تازہ ترین

انگلینڈ کے خلاف تیسرا ٹیسٹ، پاکستان اسکواڈ میں 6 نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کا امکان

0

برمنگھم: انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم میں بڑے ردوبدل کی تیاری کی جارہی ہے، تیسرے اور آخری ٹیسٹ سے قبل نوجوان اوپنر صائم ایوب سمیت 6 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صائم ایوب، عبداللہ فضل، آل راؤنڈر عرفات منہاس، وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر، فاسٹ بولر محمد عمران جونیئر اور رضا اللہ کو ایجبسٹن میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان اسکواڈ میں طلب کیے جانے کی توقع ہے۔

پاکستان کو لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 194 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد میزبان ٹیم نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 290 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 110 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں پاکستان کو 389 رنز کا ہدف دیا، تاہم پاکستانی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

ابتدائی دونوں ٹیسٹ میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہنے کے بعد پاکستان اسکواڈ میں مزید تبدیلیوں پر غور کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

محمد رضوان نے لیڈز اور لارڈز میں کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچز میں شرکت کی، تاہم ان کی کارکردگی تنقید کی زد میں رہی۔ انہوں نے لیڈز ٹیسٹ میں 12 اور 41 جبکہ لارڈز ٹیسٹ میں 7 اور ایک رن بنایا۔

رضوان گزشتہ 4 ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر صرف 94 رنز بناسکے ہیں۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انہوں نے 18، 12 اور 11 رنز بنائے تھے۔

دوسری جانب امام الحق بائیں پنڈلی میں کھچاؤ کے باعث لارڈز ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بیٹنگ نہیں کرسکے، حالانکہ انہیں پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کی نظریں سیریز میں وائٹ واش سے بچنے اور آخری ٹیسٹ میں کم بیک کرنے پر ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.