کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے چار خوارج کو ہلاک کردیا، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت ہونے والی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کے ٹھکانے کا سراغ لگایا اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے درست کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کو کاری ضرب لگائی۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور بے گناہ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے پوری قوت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں، جبکہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن کے دشمنوں کو مسترد کیا ہے اور وہ اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کارروائی میں حصہ لینے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔